جامعہ اسلامیہ بنہ آلائی - شعبہ کمپیوٹر لیب اور ڈیجیٹل ایجوکیشن
💻 تعارفِ شعبہ کمپیوٹر لیب
دورِ جدید کی تیز رفتار سائنسی و تکنیکی پیش رفت نے انسان کی زندگی کے تمام شعبوں کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ اس سائنسی انقلاب میں کمپیوٹر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ جدید دنیا میں دینِ اسلام کا آفاقی پیغام پہنچانے، تعلیمی و دعوتی کاموں کو مؤثر بنانے اور فقہی و علمی تحقیق کو آسان بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکا ہے۔
اسی اہمیت و ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے جامعہ اسلامیہ بنہ آلائی کی انتظامیہ نے اپنے درجہ موقوف علیہ (سابعہ) کے طلباء کرام کے لیے ماہر و تجربہ کار اساتذہ کی زیرِ نگرانی ایک جدید اور مجهز کمپیوٹر لیب قائم کی ہے۔ جس میں ظہر کی نماز کے بعد باقاعدہ طور پر ایک گھنٹہ پر مشتمل کلاس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
💡 دینی مدارس اور طلبہ کے لیے کمپیوٹر لیب کی اہمیت و فوائد
دینی مدارس کے طلبہ معاشرے کا وہ باصلاحیت طبقہ ہیں جو اسلامی اقدار کے محافظ ہیں۔ جب یہ طلبہ دینی علوم کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئرز سے آراستہ ہوتے ہیں تو ان کی دعوتی و علمی صلاحیتوں میں بیسیوں گنا اضافہ ہو جاتا ہے:
- دعوتی و تبلیغی میدان: عالمی سطح پر کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے اسلام کی صحیح تعلیمات کو عام کرنا اور دفاعِ اسلام کا فریضہ سرانجام دینا۔
- تحقیق و تصنیف: ان پیج اور ایم ایس ورڈ کے ذریعے دینی کتب، مقالاجات اور فتاویٰ کی بہترین کمپوزنگ اور جدید فارمیٹنگ کرنا۔
- گرافک ڈیزائننگ: کورل ڈرا اور دیگر پروگرامات کی مدد سے اسلامی پبلیکیشنز، بینرز اور تعلیمی مواد کے خوبصورت ڈیزائن تیار کرنا۔
- حساب کتاب و انتظامی صلاحیت: ایم ایس ایکسل اور ورکنگ ٹولز کے ذریعے اداروں کا انتظامی و مالیاتی نظام جدید بنیادوں پر استوار کرنا۔
✨ امتیازی خصوصیات اور نصاب
جامعہ کی کمپیوٹر لیب کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ مکمل طور پر دینی ماحول کے مطابق قائم کی گئی ہے۔ تمام کورسز اور تربیتی ورکشاپس طلباء کرام کے لیے بالکُلیہ مفت (Free of Cost) فراہم کی جاتی ہیں۔
نصاب میں بنیادی اور عملی سافٹ ویئرز کو شامل کیا گیا ہے، جن میں ایم ایس ورڈ (MS Word)، ایم ایس ایکسل (MS Excel)، ایم ایس پاور پوائنٹ (MS PowerPoint)، کورل ڈرا (CorelDraw)، اور اردو ان پیج (InPage) شامل ہیں۔ کورس کی کامیاب تکمیل کے بعد طلباء کو جامعہ کی جانب سے رسمی اسناد (Certificates) بھی جاری کی جاتی ہیں۔
📜 شرائطِ داخلہ و اہلیت
کمپیوٹر کورسز فی الحال خصوصاً درجہ موقوف علیہ (سابعہ) کے طلباء کرام کے لیے ترتیب دیے گئے ہیں تاکہ وہ اپنی تدریسی تعلیم کے آخری مراحل میں ہی ٹیکنالوجی سے آراستہ ہو کر عملی زندگی میں قدم رکھ سکیں۔
العربية
English